Select Page

مخروطی قرنیہ- Keratoconus

مخروطی قرنیہ سے کیا مراد ہے؟

مخروطی قرنیہ دراصل قرنیہ کی ایک ایسی خرابی کا نام ہے۔جس میں قرنیہ کے اند ر بتدریج پتلا پن اور بے قاعدہ کج نظری پیدا ہوجاتی ہے۔

مخروطی قرنیہ کا تعلق کن عوامل سے ہوتا ہے؟

مخرطی قرنیہ کا تعلق مندرجہ ذیل عوامل سے ہو سکتا ہے۔

آنکھوں کی حساسیت کی بنیاد پر با ر بار رگڑنا اور  ملنا۔

حساسیت کی دیگر  بیماریوں جیسے  جِلدی حساسیت اور پپو ٹوں کی حساسیت یا دمہ کا ہونا ۔

خاندان میں مخروطی قرنیہ کے مرض کا پا یا جانا ۔

 

اجتماعی علامات والی بیماریوں جیسے اندھراتا(Retinitis Pigmentosa)اور ڈون سینڈروم( Syndrome   (Down’s کا ہونا۔

کیا مخروطی قرنیہ اندھاپن پیدا کرسکتا ہے؟

یہ بیماری مکمل طور پر اندھا پن پیدا نہیں کرسکتی۔ لیکن نظر میں  شدید کمی پیدا کر سکتی ہے۔ خا ص طور پر قرنیہ کے مخروط میں پانی بھر جانے کی صورت میں قرنیہ کوتبدیل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ کار باقی  نہیں رہتا۔

کیا مخروطی قرنیہ بتدریج بڑھنے والی بیماری ہے؟

جی ہاں  یہ ایک بتد ریج  بڑھنے والی بیماری ہے۔اس  بیما ری میں زیادہ تیزی اور شدت عمر کی دوسری اور تیسری دہائی میں واضح ہوتی ہےاور بعض اوقات خرابی کا یہ عمل خودبخود کسی مرحلے پہ رُک بھی جاتا ہے۔

کیا مخروطی قرنیہ موروثی خرابی ہے؟

مخروطی قرنیہ کا موروثیت کے ساتھ تعلق ثابت ہو چکا ہے۔تاہم اِکا دُکا  مریضوں میں غیر موروثی مخروطی قرنیہ بھی ممکن ہے۔

مخروطی قرنیہ کی علامات کونسی ہیں ؟

قرنیہ کے مخروط میں پانی بھرنے کی صورت میں آنکھ  سے پانی بہنے اور دور کی شکایات ہو سکتی ہیں۔

مخروطی قرنیہ کی تشخیص کیسے کی جاتی ہے؟

ٹوپوگرافی (Corneal Topography)کی مدد سے قرنیہ کی سطح کا تفصیلی جائزہ۔

مخروطی قرنیہ کا علاج کیا ہے؟

نظرمیں ابتدائی کمی کا علاج تو عینک ہی سے کیا جاتا ہےتاہم سخت اتصالی عدسات(Hard Contact Lens) بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔مخروطی قرنیہ کومزید خراب  ہونے سے روکنے کیلئے کولیجن کراس لنکیج (Collagen Cross Linkage)نامی  علاج لازمی ہو جا تا ہے۔نظر میں بہتری کیلئے کارنیل رنگز(Corneal Rings) استعمال کر سکتے ہیں ۔قرنیہ کے مخروط میں پانی بھر جانے کی صورت میں قرنیہ کو تبدیل کرنے والی جراحی کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

کولیجن کراس لنکیج سے کیا مراد ہے؟

یہ مخروطی قرنیہ میں مزید خرابی کو روکنے کیلئے ایک طریقہ کار کا نام ہے۔اس میں رائی بوفلیون قطروں کو قرنیہ پرڈالنے کے بعد اسے بالائے بنفشی روشنی دی جاتی ہے۔اس عمل کے نتیجہ میں قرنیہ میں مضبوطی پیدا ہو جاتی ہے۔اور مزید مخروطی پن پیدا ہو نارُک جاتا ہے۔یہ علاج سےپہلے سے پیدا شدہ مخروطی پن کو ٹھیک نہیں کرتا۔

کیا مخروطی قرنیہ کے مریض عینک اتارنے والے عام علاج اور لیزر شعاعوں سے مستفید ہو سکتے ہیں؟

جی نہیں۔   عینک اتارنے والی عام شعاعوں سے علاج مخروطی قرنیہ کے مریضوں میں ممنوع خیال کیا جاتا ہے۔تاہم کراس لنکیج کے بعد جب قرنیہ کی مضبوطی کا یقین  ہو جائے تو ماہرِ امراض ِچشم عینک کے نمبر کو کم کرنے اور نظرکو بہتر بنانے کیلئے کوئی مناسب طریقہ علاج تجویز کرسکتے ہیں۔

Share This